سندھ

کراچی: جعفرطیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

کراچی: ملیر کے علاقے جعفرطیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 5 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے تین منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ایدھی رضا کار اور رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 2 افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جب کہ 5 افراد کو زخمی حالات میں ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ 3 منزلہ رہائشی عمارت میں 4 خاندان رہائش پذیر تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے 12 افراد کے دبنے کا خدشہ ہے، ریسکیو ٹیموں نے اہل علاقہ کی مدد سے آپریشن تیز کردیا اور موقع پر ہیوی مشینری بھی موجود ہے۔ ریسکیو آپریشن کے لئے پاک فوج کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے حادثہ پر ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر امدادی کام کی نگرانی کریں اور ہر صورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close