کھیل و ثقافت

دبئی ٹیسٹ؛ اسد اور سرفراز کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے ٹیم کی لاج رکھ لی

دبئی: ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اسد شفیق اور سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا لئے ہیں اور اسے جیتنے کے لئے مزید 119 رنز درکار ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز شان مسعود اور سمیع اسلم نے کیا تو سمیع اسلم صرف ایک رنز بنا کر گماگے کا شکار ہو گئے، سینئر بلے باز اظہرعلی بھی زیادہ دیرتک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 36 کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بنا کر پرادیپ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، ان کے بعد آنے والے حارث سہیل بھی صرف 10 رنز بنا کر پریرا کا شکار ہو گئے۔
شان مسعود بھی 52 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی پریرا نے ہی آؤٹ کیا، ان کے بعد آنے والے بابر اعظم بھی اسی اوور میں 2 گیندیں کھیل کر بنا کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ 52 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد اسد شفیق اور کپتان سرفراز احمد نے انتہائی ذمہ داری سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانا اور چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 198 رنز بنا لئے تھے اور اسے جیتنے کے لئے مزید 119 رنز جب کہ سری لنکا کو 5 وکٹیں درکار ہیں۔ اسد شفیق 86 جب کہ سرفراز احمد 57 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
اپنی دوسری اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس پرقومی ٹیم کو 317 رنز کا ہدف ملا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے مینڈس نے سب سے زیادہ 29 اور ڈکویلا نے 21 رنز بنائے جب کہ ان کے علاوہ کوئی بھی مہمان بلے باز خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا ۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں وہاب ریاض نے 4، حارث سہیل نے 3 ،یاسر شاہ نے 2 اورمحمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا نے 482 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 220 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close