کھیل و ثقافت

جنوبی وزیرستان کے مارشل آرٹسٹ نےعالمی ریکارڈ قائم کردیا

جنوبی وزیرستان سے تقریباً سات سال قبل نقل مکانی کرکے ڈیرہ اسماعیل خان میں رہائش اختیار کرنیوالے طالب علم محمد عرفان محسود نے حال ہی میں مارشل آرٹ کے شعبے میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور ان کا نام گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

عرفان محسود نے ایک ٹانگ پر کھڑے ہوکر گھٹنے سے ایک منٹ میں 87 ککس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس سلسلے میں ایک اعلامیہ بھی جاری کیا ہے جس میں عرفان محسود کو عالمی اعزاز کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ دوسرے پاکستانی ہیں اس سے پہلے یہ اعزاز پاکستان ہی کے ایک نوجوان احمد امین بودلہ کو حاصل تھا جس نے ایک منٹ میں 79 کیک لگاکر یہ منفرد ریکارڈ قائم کیا تھا ۔ عرفان محسود نے اب یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

عرفان محسود نےکہا کہ 2009 میں جب جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات شروع ہوا تو انھیں خاندان سمیت گھر بار چھوڑ کر ڈیرہ اسماعیل خان منتقل ہونا پڑا۔عرفان محسود کے مطابق انھوں نے چھ اور ریکارڈز بھی گنز بک کو بھیجے ہوئے ہیں جس پر آئندہ چند دنوں میں فیصلہ متوقع ہے۔

انھوں نے بتایا ‘مجھے بچپن سے مارشل آرٹ سے جنون کی حد تک شوق تھا لہٰذا میں نے باوجود مشکلات کے حوصلہ نہیں ہارا اور ڈیرہ اسماعیل خان آکر میں نے یہاں ایک چھوٹی سی اکیڈیمی بنائی جس میں زیادہ تر کھلاڑی بھی جنوبی وزیرستان کی متاثرین ہی کی ہیں۔

عرفان کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ دو تین سالوں سے عالمی اعزاز حاصل کرنے کیلئے کوششیں کررہے تھے اور بالاآخر ان کی محنت رنگ لے ہی آئی۔وہ بتاتے ہیں: ‘گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو اپنے تمام تر ریکارڈ بھیجنے کے دو طریقے ہیں ایک تو ان کے نمائندے کو بلا کر ان کے سامنے عملی مظاہرہ کیا جائے جس پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور دوسرا یہ کہ آپ انھیں اپنی تمام وڈیوز بھیجیں اور وہ ان پر کوئی فیصلہ کرے جس پر رقم زیادہ خرچ نہیں ہوتی لیکن وقت زیادہ لگتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی طرف سے کھیل کے قواعد و ضوابط بہت سخت بنائے گئے ہیں جس میں معمولی سی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔’میں نے ٹانگ سے ایک منٹ میں ایک خاص زاویے اور فاصلے سے بیلٹ کو مسلسل ایک منٹ میں 87 کک مارکر یہ اعزاز حاصل کیا ہے جو کہ ایک بہت مشکل مرحلہ تھا۔

عرفان اس سے قبل کنگ فو میں نیشنل چمپئین بھی رہ چکے ہیں۔ان کے بقول ابھی تک کسی حکومتی اہلکار کی طرف سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ کسی نے ان کو مبارکباد کیلئے فون کیا ہے۔

خیال رہے کہ مارشل آرٹ کے ماہر محمد عرفان محسود نے فائن آرٹس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے اور آج کل وہ ایم فل کے سکالر ہیں۔اس سے پہلے وہ کنگ فو میں نیشنل چمپئین بھی رہ چکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ انھوں نے کئی دیگر اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close