دنیا

’اوباما محمد علی کے جنازے میں شرکت نہیں کریں گے

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما جمعے کو سابق باکسنگ لیجنڈ محمد علی کے جنازے کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما جمعے کو اپنی بیٹی مارلیا کے ہائی سکول کی گریجویشن تقریب میں موجود ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کے سینئیر ایڈوائزر والیری جیرٹ کا کہنا ہے کہ صدر اوباما اور ان کی بیوی بعد میں محمد علی کے خاندان کو ایک خط بھیجیں گے۔

محمد علی کے خاندان کے ترجمان باب گنل کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے محمد علی کی بیوہ لینی نے ٹیلی فون پر بات کی۔

دوسری جانب محمد علی کے جنازے کی جمعے کو ہونے والی عوامی تقریب میں کئی عالمی رہنما، مختلف ممالک کے سربراہان اور مشہور شخصیات حصہ لیں گی جن میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور اردن کے بادشاہ عبداللہ بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ برطانیہ کے سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن لینوکس لیوس اور اداکار وِل سمتھ جمعے کو سابق عالمی چیمپیئن محمد علی کے جنازے کو کندھا دیں گے۔

امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن اور اداکار بلی کرسٹل بھی جمعے کو ہونے والی تقریب میں بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ محمد علی گذشتہ جمعے کو ایریزونا کے شہر فینکس میں طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

محمد علی کے جسدِ خاکی کو امریکی ریاست کینٹکی میں اُن کے آبائی علاقے لوئی ول پہنچا دیا گیا ہے جہاں جمعے کو اُن کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

امریکی ریاست کینٹکی کے علاقے لوئی ول کے فریڈم ہال میں جمعرات کو مسلمانوں کے روایتی جنازے کی ایک تقریب منعقد ہو گی۔

لوئی ول کا فریڈم ہال 18,000 نشستوں پر مشتمل ہے۔ محمد علی نے سنہ 1960 میں یہاں اپنے کریئر کا پہلا مقابلہ جیتا تھا۔

لوگوں نے منگل کی رات لائنوں میں کھڑے ہو کر اس تقریب میں حصہ لینے کے لیے ٹکٹ خریدے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close