Featuredبلوچستان

بلوچستان کو اقتصادی ترقی کے دائرے میں شامل کیا جائیگا، صادق سنجرانی

گوادر: چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گوادر علاقے، خطے اور براعظموں کے درمیان ایک بڑی آبی اور زمینی گزرگاہ بننے جا رہا ہے، جو مختلف ممالک کی معیشتوں کیلئے تجارتی و اقتصادی مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گوادر میں منعقد ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور اور تشکیل ایشیائی پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بین الاقوامی اجلاس میں 23 ممالک کے 88 مندوبین اور بین الپارلیمانی یونین کے سیکرٹری جنرل شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی نمائندوں پر مشتمل یہ فورم خطے میں شراکت داری کے فروغ، امن، ترقی، جمہوریت، استحکام کیلئے کوشاں ہے اور اس فورم کی بدولت مثبت سیاست کے فروغ کیلئے موثر اقدامات اور جدید رجحانات کی طرف رہنمائی ملے گی۔ پاکستان ایشیائی خطے اور عالمی سطح پر اس ایجنڈے کے ذریعے مسائل کے حل اور خوشحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ایشیائی خطے میں وقوع پذیر ہونے والی سیاسی تبدیلیاں اور حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ امن و امان اور ترقی و خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کیا جائے۔ مسائل کا حل پرامن طریقے سے گفت و شنید اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ وفاق کو مستحکم کرنے کیلئے وفاقی، صوبائی تعاون بڑھانا ہماری ترجیح ہے۔ بلوچستان معدنی ذخائر کی دولت سے مالا مال ہونے اور اقتصادی ترقی کی صلاحیت کا حامل ہونے کے باجود ماضی میں ترقی کے حصول کیلئے جدوجہد کرتا رہا ہے، حالانکہ یہ صوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس پورے خطے کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ پاکستان کی ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ایک اچھی کنزیومر مارکیٹ ہے۔ مستقبل قریب میں پاکستان مشرق وسطٰی افریقہ اور یورپ کی منڈیوں کو آپس میں ملانے کے قابل ہوگا۔

انہوں نے اے پی اے ممالک پر زور دیا کہ وہ معاشی، معاشرتی اور ثقافتی طور پر مربوط ایشیاء کے قیام کیلئے پاکستان کا ساتھ دیں اور اس کا حصہ بنیں۔ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرانے تنازعات کا پرامن حل اور ترقیاتی مشترکہ تعاون خطے کی ترقی کیلئے نہایت اہم ہے۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے رکن ممالک کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے اور انہیں خبردار کیا کہ انتہا پسندی خطے اور دنیا کے لئے زیادہ خطرے کا باعث ہے اور اس کی بڑی وجہ غربت اور جہالت ہے۔ صادق سنجرانی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے اور خطے و عالمی امن اور استحکام کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کی عوام، پارلیمان اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close