اسلام آباد

سپریم کورٹ نے مری میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مری میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیا۔۔ چیف جسٹس ثاقب نثار ریمارکس دئیے ہیں کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی غیرقانونی تعمیرات گرائیں یا پھر خود گر جائیں۔ عدالت نے اسلام آباد میں بھی غیرقانونی تعمیرات کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی ترقیاتی ادارے سے رپورٹ طلب کر لی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے مری میں غیرقانونی تعمیرات پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے استفسار کیا کہ غیرقانونی تعمیرات کس کی ہیں اور اس کا ذمہ دار کون ہے، تمام ترتفصیلات آج ہی فراہم کی جائیں۔ چیف جسٹس کے استفسار پر ڈپٹی کمشنر نے تسلیم کیا کہ مری میں 2003ء سے غیرقانونی تعمیرات ہوئی ہیں، عدالتوں میں مقدمات زیرسماعت ہیں اور حکم امتناع بھی حاصل کیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بلڈوزر کرائے پر لیں اور غیرقانونی تعمرات گرائیں، یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں، مال روڈ کو جوانی میں بھی دیکھاہے بڑھاپے میں بھی، جن کے دور میں یہ تعمیرات ہوئیں ان کے ناموں کی فہرست بھی فراہم کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مری میں جائیں، منادی کروا دیں جس نے آنا ہے عدالت آجائے۔

چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ یہ عمارتیں گریں گی یا پھر آپ گر جائیں گے، غیرقانونی تعمیرات آپ کے ادارے کے آشیرباد سے ہوئیں، سیاسی اثر ورسوخ کی وجہ سے غیرقانونی تعمیرات ہم سے نہ چھپائی جائیں، ہماری انسپکشن ٹیم نے اگر چھپائی گئی عمارتوں کی نشاندہی کی تو اس کے نتائج برآمد ہوں گے۔ عدالت نے اسلام آباد میں غیرقانونی تعمیرات کا بھی نوٹس لیا اور سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close