خیبر پختونخواہ

حکمرانوں کی غلطیوں نے ملک تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ، کرپشن اور بدیانتی نے عام آدمی کی خوشیاں چھین لیں:سینیٹر سراج الحق

لوئر دیر : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی غلطیوں سے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ،ملکی آئین پر عمل نہ کرنا حکمرانوں کی آمرانہ سوچ کا مظہر ہے۔آئین کی پامالی کے نتیجہ میں ملک میں لاقانونیت ،بدامنی اور دہشت گردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔کرپشن اور بدیانتی نے عام آدمی کی خوشیاں چھین لی ہیں۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک قوم کے دل کی آواز ہے۔عوام لوٹی گئی قومی دولت کی ایک ایک پائی وصول کرنا چاہتے ہیں۔کرپٹ نظام کی اینٹ سے اینٹ بجانے کیلئے میدان میں آئے ہیں۔عوام کرپشن فری پاکستان تحریک کا حصہ بن کر ملک کے تحفظ میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

لوئر دیر میں جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے حلقہ کے سینکڑوں افراد کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نوکر شاہی اور کرپٹ حکمرانوں نے ایکا کررکھا ہے اور وہ عوام کے حقیقی نمائندوں کو ایوانوں تک پہنچنے سے روکنے کیلئے اپنے تمام وسائل اور ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 68سال سے محرومیوں اور مجبوریوں کا شکار عوام حکمرانوں کو کسی قسم کی رعایت دینے کے حق میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے بھی کرپشن کو روکنے اور عام آدمی کو انصاف مہیا کرنے کی بجائے کرپٹ نظام کو چھتری مہیا کی ہے جس سے عام آدمی کا عدالتی نظام سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن نے تمام مسائل کو جنم دیا ہے۔غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری ،جہالت ، بیماری ،بدامنی اور دہشت گردی جیسے روگ اسی کرپٹ نظام کے تحفے ہیں۔حکمران ٹولہ سمجھتا ہے کہ سیاست نام ہی دھوکہ بازی اور لوٹ کھسوٹ کاہے۔حکمرانوں کی سوچ ہے کہ اگر اقتدار میں آنے کے بعد بھی دولت نہیں کمانی تو پھر الیکشن لڑنے کا کیا فائدہ؟

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان قوم کے بچے بچے کا مطالبہ ہے ، نیب کو بھی اب پوری تندہی کرپشن کے خلاف میدان میں نکلنا پڑے گا اگرنیب کی طرف سے لٹیروں کو بچانے اور اربوں لوٹنے والوں سے چند لاکھ لیکر انہیں کھلی چھوٹ دینے کا سلسلہ چلتا رہا تو کرپشن ختم ہونے کی بجائے مزید پھلے پھولے گی کیوں کہ اس رویے سے لٹیروں کی حوصلہ شکنی نہیں بلکہ حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close