پنجاب

دشمن باہر گھات لگائے بیٹھا ہے اور ہم ملک کو اندر سے کمزور کر رہے ہیں، احسن اقبال

ناروال: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمارا دشمن باہر گھات لگائے بیٹھا ہے اور ہم ملک کو اندر سے کمزور کر رہے ہیں۔ نارووال میں سڑک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013ء میں ملک میں 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی لیکن اب 20 گھنٹے بجلی ملتی ہے کیوں کہ 4 سالوں میں 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے گئے ہیں جو نواز شریف کی حکومت کا کام ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2013ء میں دہشت گردی کی صورت حال انتہائی خراب تھی اور جس دن 4 سے 5 لوگ مرتے تھے تو لوگ کہتے تھے کہ امن ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب ملک میں مکمل امن ہو گا۔ ہمارے سیاسی مخالف نے پاناما ڈرامہ شروع کیا اور ملکی ترقی کو روک دیا جبکہ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا تاہم نظرثانی کی اپیل کی ہے کہ ہمارے تحفظات دور کیے جائیں، تاریخ پاناما فیصلے پر اپنا فیصلہ ضرور دے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک میں سیاسی انتشار پھیلا رہے ہیں اور ان کے ساتھ مایوس سیاستدانوں کا کنبہ موجود ہے، ہمارا دشمن باہر سے گھات لگائے بیٹھا ہے اور ہم ملک کو اندر سے کمزور کر رہے ہیں لیکن دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو اسلحے کے زور پر کمزور نہیں کر سکتی کیوں کہ ہماری مسلح افواج اور قوم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سے اچھے تعلقات اور افغانستان میں امن چاہتے ہیں کیوں کہ افغانستان میں جنگ لگی تو اس کی تپش پاکستان تک آئے گی جبکہ بھارت پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے لیکن امریکا اور بھارت کو اب حالات کو سنجیدگی سے سمجھانا ہو گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close