سندھ

شہری کو سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش مہنگی پڑ گئی

ویڈیو سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کی غرض سے ڈالی تھی ، ملزم

کراچی: پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنیوالے شہری کوغیرقانونی ہتھیاروں سمیت گرفتار کرلیا۔

فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک شہری کو کھلے عام اسلحہ کی نمائش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کراچی کے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے شخص نیاز خان کو شناخت اور نشاندہی کے بعد گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزم نیاز خان ولد مدار سے 30 بور کا ایک پستول اور ایک عدد فولڈنگ رائفل برآمد کرلی۔ دریافت کرنے پر ملزم ہتھیاروں کا کوئی لائسنس پیش نہیں کرسکا۔ برآمد ہونے والی رائفل کے ساتھ ہی ملزم نے اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔

ملزم نے ابتدائی بیان میں اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہی اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کی غرض سے ڈالی تھی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 2023/04 جرم دفعہ 23 (i) اے درج کر لیا گیا ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close