سندھ

بغیر پڑھے لکھے بجٹ پر صرف تنقید کی جا رہی ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ

کراچی : سندھ کے تمام اضلاع میں ہماری حکومت بنے گی، سارے ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین اور میئر پیپلز پارٹی کے ہوں گے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ آنکھیں کھولیں اور تعصب چھوڑیں تو بجٹ میں بہت کچھ نظر آئے گا ، بغیر پڑھے لکھے بجٹ پر صرف تنقید کی جا رہی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کل بجٹ تقریر آرام سے ہوئی اور میرا گلا بھی ٹھیک رہا، یہ سندھ کا 59 واں بجٹ تھا، پیش کیے گئے بجٹ میں 25 فیصد میرا حصہ رہا ہے، لوگ کہتے ہیں کیوں پیپلز پارٹی کو سندھ کے لوگ ووٹ دیتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں کی خدمت کرتی ہے اس لیے ووٹ ملتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ڈیلیور کیا ہے، سندھ کے تمام اضلاع میں ہماری حکومت بنے گی، سارے ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین اور میئر پیپلز پارٹی کے ہوں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیم، صحت اور بلدیات کے لیے 800 ارب روپے مختص کیے ہیں، رواں مالی سال ریکارڈ ترقیاتی اخراجات ہوئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے سیلاب کے معاملے پر بیرونی ذرائع سے 2 ارب ڈالرز حاصل کیے، اتنی بڑی رقم کا 4 ماہ میں انتظام بہت بڑی بات ہے، 25 ارب روپے بیرونی ذرائع سے سیلاب متاثرہ مکانات کے لیے حاصل کیے، ہمارا آبپاشی نظام تباہ ہو گیا تھا لیکن اب گندم کی ریکارڈ فصل آئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 52 ارب روپے کی کے فور اسکیم وفاق کے پاس منظوری کے لیے زیرِ التواء ہے، ایک بندہ اتنا چیخ رہا ہے اب اس کو جا کر گھر آرام کرنا چاہیے، اگر ٹی وی پر رونے والا آدمی تعصب کرتا ہے تو اس کا کیا کر سکتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگلے سال کے بجٹ میں فنانس کی اسکیمز ہیں، کراچی میں ہم این آئی ایچ، جے پی ایم سی کو گرانٹ دیتے ہیں، ہم این آئی سی وی ڈی کو بھی گرانٹ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ہدایت کی کہ گھر مالکانہ حقوق پر دیے جائیں، اگلے دو تین ماہ میں گھروں کے منصوبے پر گراؤنڈ پر کام ہوتا نظر آئے گا، 255 ارب روپے سے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے چل رہے ہیں، بارشوں کے پیشِ نظر انتظامات کر رہے ہیں، ممکنہ سمندر ی طوفان کے خدشے کے پیشِ نظر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سائیکلون سے 80 کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہوا چلے گی اور 25 فٹ اونچی لہریں ٹکرائیں گی، سندھ حکومت نے ساحلی آبادی کے انخلاء کا منصوبہ بنا لیا ہے، تقریباً 10 ہزار افراد کا انخلاء کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی خدمات سے قدرتی آفت کا مقابلہ کیا جائے گا، کل ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کا دورہ کر سکتا ہوں، وزیرِ اعظم نے سیلاب کے دوران 6 چکر لگائے، پچھلے وزیرِ اعظم کو معلوم نہیں تھا کہ سندھ ہے کدھر؟

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ وزیر ِاعلیٰ سندھ کے ہیلی کاپٹر 1992ء میں خریدے گئے تھے، ہیلی کاپٹر جام صادق اور جہاز ارباب غلام رحیم نے خریدا، ان ہیلی کاپٹرز میں میرے علاوہ کوئی نہیں جاتا، ہیلی کاپٹر سیلاب کی وجہ سے زیادہ استعمال ہوا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close