سندھ

ای سی ایل میں نام ڈالنے سے فرق نہیں پڑتا، سرکاری دورے پر باہر جانا پڑا تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی، وزیراعلیٰ سندھ

سیہون شریف: وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی سرکار صرف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے، سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ دے دیا، ای سی ایل پر نام ڈالنے سے فرق نہیں پڑتا، مجھے سرکاری دورے پر باہر جانا پڑا تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔

سیہون شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری کے پاس کوئی چیز کرنے کو نہیں ہے، وہ خبروں میں آنے کیلئے خبریں بناتے ہیں، مرغیاں انڈے پرانی چیزیں بن چکی ہیں، عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہیں جب چاہیں سندھ آسکتے ہیں، ہماری سیاست اور جمہوریت کی لیول اب یہ رہی ہے کہ وزیراعظم سندھ آرہے ہیں تو کہتے ہیں سازشیں کرنے آرہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے مجھ پر کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے اگر سرکاری دورے پر باہر جانا پڑا تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہاکہ نیب اور سپریم کورٹ نے وفاقی وزراء کو جے آئی ٹی رپورٹ پر بیان بازی سے روکا ہے جب کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے خلاف انتقامی کاروائیاں کر رہی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے مسائل کے حل کے لیے ایک ہوئی ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے متحد ہونے سے حکومت پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے پریشر بڑھے گا، جو طریقہ انہوں نے اختیار کیا ہوا ہے اس سے عوام کی معاشی صورتحال بہتر نہیں ہوگی، 4 یا 5 مہینوں میں اس حکومت پر لوگ اتنی تنقید کر رہے ہیں جو کبھی پی پی اور ن لیگ پر نہیں ہوئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close