کھیل و ثقافت

بین سٹوکس انگلش ٹیم سے ایک بار پھر باہر

انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس پنڈلی میں تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

25 سالہ بین سٹوکس اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ اس میچ میں انگلینڈ نے 330 رنز سے کامیابی حاصل کر کے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی

بین سٹوکس کی انجری کے حوالے سے آئندہ ہفتے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے 13 رکنی سکواڈ میں جیک بال، سٹیون فن اور عادل رشید کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ نو ماہ میں بین سٹوک تیسری مرتبہ انجری کا شکار ہوئے ہیں۔ گذشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں وہ کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور ایک روزہ اور ٹی 20 میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

رواں سال مئی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں وہ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوکر ایک ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے۔

ایجیسٹن میں تین اگست سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کا 13 رکنی سکواڈ: ایلسٹر کک، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیرسٹو، گیری بیلنس، جیک بال، سٹوارٹ براڈ، سٹیون فن، ایلکس ہیلز، عادل رشید، جو روٹ، جیمز ونس اور کرس ووکس۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close