کھیل و ثقافت

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سامنے پی سی بی کی کوتاہیوں کی داستانیں بیان ہونے لگیں، کچے چٹھے کھل گئ

لاہور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے ملتوی ہونے کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی کارروائی جاری ہے۔ پی ایس ایل فرنچائزز کے نمائندوں نے بائیو سیکیور ببل کی کوتاہیوں کے بارے میں کمیٹی کو بتایا۔ فرنچائزز کا خیال ہے کہ مناسب انتظامات کیے جاتے تو پی ایس ایل 6 کو ملتوی نہ کرنا پڑتا۔ فیکٹ فائنڈنگ پینل 31 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کو اپنی سفارشات پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن چھ کو کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد محض 14 میچوں کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا۔ بائیو سیکیور ببل کے حوالے سے بہت سارے سوالات اٹھائے گئے تھے۔ پی سی بی میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
پی سی بی نے ایونٹ کے دوران کوتاہیوں کی تحقیقات کے لئے ایک دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل تشکیل دیا تھا جس میں ماہر ڈاکٹرز شامل تھے۔

پینل کے ممبران نے حال ہی میں ایک ہوٹل میں کچھ فرنچائزز کے عہدیداروں سے ملاقات کی جبکہ کچھ ملاقاتیں زوم کے ذریعہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فرنچائزز کو بتایا تھا کہ وہ پینل کے ساتھ اپنے تمام خدشات پر کھل کر گفتگو کریں گے۔ پینل کو بتایا گیا کہ پی سی بی نے بنیادی ضروریات کا خیال نہیں رکھا۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کو قرنطینہ کی مدت پوری کیے بغیر ہی واپس بائیو سیکیور بلبل میں واپس جانے کی اجازت دی گئی۔
اس نے ایک بری مثال قائم کی۔ کھلاڑیوں کے بہت سارے رشتے دار بھی قرنطینہ کیے بغیربلبل میں رہنے لگے۔ ہوٹل اور گراؤنڈ عملہ اس بلبل کا حصہ نہیں تھا ۔ ٹیموں کے ہوٹل میں شادی کی تقریب جیسی مختلف تقریبات کی گئیں۔ ایک آفیشل نے بتایا کہ انھیں کسی وجہ سے بائیو ببل چھوڑنا پڑا جب وہ واپس آئے تو عام فلور میں آئسولیشن کا کہا گیا، وہ ازخود کمرے میں بند رہے اور کھانا بھی نہ منگوایا تاکہ کسی عام فرد سے سامنا نہ ہو اور پیکٹ والے بسکٹ کھا کر3 دن تک گذارا کیا،ایک فرنچائز کے نمائندے نے کہا کہ بائیو ببل کی کون خلاف ورزی کر رہا ہے یہ جاننا ہمارا کام نہیں پی سی بی کو نظر رکھنی چاہیے تھی،ایک اور ٹیم آفیشل نے بتایا کہ ہم نے ایونٹ سے پہلے بورڈ سے درخواست کی تھی کہ سب کی کورونا ویکسینیشن کرائی جائے مگر کسی نے اس بات کواہمیت نہ دی۔
کچھ عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ وہ دنیا بھر کی دیگر لیگز کا حصہ رہے ہیں اور انہوں نے اپنا پروٹوکول موثر انداز میں قائم کیا تھا تاہم یہ سب کچھ پی ایس ایل 6 کے دوران نہیں کیا گیا تھا۔ یہ سارے بیانات ریکارڈ بھی کیے گئے،فرنچائزز سے حقائق جاننے کے ساتھ بہتری کیلیے تجاویز بھی لی گئیں۔ پی سی بی فی الحال پی ایس ایل 6 کے بقیہ سیزن میں بائیو سکیورٹی کی ضروریات کے لئے ایک برطانوی کمپنی کی خدمات حاصل کررہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close