اسلام آباد

آج کراچی سے دنیا کے پہلے ‘ابو بچاؤ مارچ’ کا آغاز ہوگیا، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے "کاروان بھٹو” کو دنیا کا پہلا ‘”ابو بچاؤ مارچ” قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اس کاروان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فواد چوہدری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج کراچی سے دنیا کے پہلے ابو بچاؤ ٹرین مارچ کا آغا ہوگیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پہلی تحریک ہے جو کرپشن کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لئے شروع کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ کچھ دیر قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں "کاروانِ بھٹو” کراچی سے لاڑکانہ کے لئے روانہ ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیرِ بلدیات سعید غنی اور نثار کھوڑو سمیت دیگر رہنما بھی کارروان بھٹو میں شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اس کاروان کا آغاز کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے ہوا، جس کا اختتام لاڑکانہ میں ہوگا جہاں 4 اپریل کو بلاول بھٹو زرداری ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔

کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر روانگی سے قبل کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کا سیلاب ہمارے ساتھ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اپنے سفر کے دوران 25 مختلف مقامات پر قیام پذیر ہوکر وہاں استقبال کرنے والے کارکنان سے خطاب بھی کریں گے۔ یہ کاروان کراچی میں ہی ڈرگ روڈ جنکشن اور لانڈھی اسٹیشن پر رکا جبکہ اس کے بعد جھمپیر، جنگ شاہی، کوٹری، حیدرآباد، اوڈیرو لعل، ٹنڈو آدم، شہداد پور اور شہید بےنظیر آباد (نواب شاہ) کے ریلوے اسٹیشنز پر ٹرین رکے گی جہاں بلاول بھٹو زرداری کارکنان سے خطاب کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نواب شاہ میں زرداری ہاؤس میں رات کو قیام کریں گے اور اگلے دن صبح دوبارہ یہ قافلہ اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگا۔ کاروانِ بھٹو دوڑ، پڈعیدن، محراب پور، بھریا روڈ، سیتھرجا، رانی پور، خیر پور میرس، روہڑی، سکھر، حبیب کوٹ، مدیجی، سر شاہنواز بھٹو نوڈیرو سے ہوتا ہوا لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close