کشمیر

بھارت اخلاقی طور پر جموں و کشمیر میں اپنی جنگ ہار چکا ہے، سید علی گیلانی

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ بھارت اخلاقی طورپر جموں و کشمیر میں اپنی جنگ ہار چُکا ہے اس لیے وہ انتقامی کارروائیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کے جان ومال کو نقصان پہنچانا اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع کولگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں زینت الاسلام اور شکیل احمد ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہ سرفروش اپنی قوم کو غیر ملکی فوجی قبضے سے آزادی دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں اورقوم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے مقدس مشن کو ہر صورت میں جاری رکھاجائے۔

انہوں نے شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنے والوں پر بھارتی فوج اور پولیس کی یلغار اور ایک خاتون سمیت درجنوں افر۱د کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنے والوں پر تشدد کرکے بھارت نے انتہائی بزدلی اور انتقامی کارروائی کی بدترین مثال قائم کرکے اقوامِ عالم میں خود کو رسوا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا غیر اخلاقی اور غیر انسانی رویہ دنیا کے کسی کونے میں روا نہیں رکھا جارہا ہے، لیکن بھارتی سامراج، اس کی سفاک فوج اور اس کے مغرور حکمران ایسا کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ بھارت کے زوال اور پستی کا اس سے زیادہ اور کیا ثبوت ہوگا کہ اتنی بڑی فوجی قوت اور جدید سازوسامان سے لیس ہونے کے باوجود شہداء کی میتوں سے بھی خوفزدہ ہوکر بدحواس ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ہماری تحریک کی اخلاقی برتری اور مبنی برصداقت ہونے کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نو جوان ہماری تحریک میں ہر اول دستے کے طور پر اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔سید علی گیلانی نے کہاکہ قابض طاقتیں چاہے کوئی بھی حربہ استعمال کریں انہیں ناکام اور نامراد ہی ہونا پڑے گا۔حریت چےئرمین نے لواحقین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close